پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے عسکری سربراہان کی اہم ملاقات
ریاض: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے عسکری سربراہان نے انٹیلی جنس شیئرنگ، فوجی رابطہ کاری اور دفاعی صلاحیتوں کے انضمام میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
ریاض میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور ترکیے کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بائراکتاروغلو شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی خطرات اور خطے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ تینوں ممالک کے عسکری حکام نے مسلح افواج کے درمیان تعاون مزید آگے بڑھانے اور مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت طے شدہ تعاون کو عملی شکل دینے پر بھی گفتگو کی۔
تینوں ممالک نے گزشتہ ماہ مکہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں کے خلاف حملہ تصور کرنے اور دفاعی تعاون بڑھانے کا عزم کیا گیا تھا۔
یہ ملاقات سعودی عرب کو حوثیوں کی جانب سے حملوں اور خطے میں جاری وسیع تر کشیدگی کے پس منظر میں ہوئی ہے۔