بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں بڑی کارروائی
کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں خوراک کے معیار اور صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 45 فوڈ کاروباروں پر جرمانے عائد کیے جبکہ 50 سے زائد کاروباری مراکز کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ، تربت، اوستہ محمد، مسلم باغ، خضدار اور حب میں بیکریوں، ہوٹلوں، جنرل اسٹورز، مٹھائی کی دکانوں، گوشت اور دودھ کی دکانوں، مصالحہ یونٹس اور نان شاپس کا معائنہ کیا گیا۔
معائنے کے دوران بعض مقامات پر خراب گوشت، غیر صحت بخش کچن، صفائی کی ناقص صورتحال، کیڑوں کی موجودگی، زنگ آلود برتن اور خوراک کو غیر مناسب طریقے سے ذخیرہ کرنے جیسے مسائل سامنے آئے۔ بعض جگہوں سے زائد المیعاد اشیائے خورونوش اور ناقص معیار کی مصنوعات بھی رپورٹ ہوئیں۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
خبر کا ذریعہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی کی رپورٹ
Comments are closed.