کوئٹہ ماسٹر پلان پر مؤثر عملدرآمد، ڈیری فارمز شہری حدود سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ

0

کوئٹہ ماسٹر پلان پر مؤثر عملدرآمد، ڈیری فارمز شہری حدود سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ

### بلڈنگ کوڈز کی خلاف ورزی برداشت نہیں ہوگی، پانی کے تحفظ اور سرکاری ملازمین کے ہیلتھ کارڈ کے نظام میں بھی تیزی لانے کی ہدایت

**کوئٹہ:** چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کوئٹہ ماسٹر پلان پر عملدرآمد، شہری حدود میں قائم ڈیری فارمز کی منتقلی، پانی کے تحفظ، بلڈنگ کوڈز پر عملدرآمد اور سرکاری ملازمین کے طبی معاوضے کے نظام سمیت مختلف اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں شہری حدود میں قائم ڈیری فارمز سے پیدا ہونے والے صفائی، حفظانِ صحت، ٹریفک اور ماحولیاتی مسائل کے پیش نظر انہیں مرحلہ وار شہری حدود سے باہر منتقل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ڈیری فارمز کی منتقلی کے لیے جامع اور قابلِ عمل منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی، جس میں مناسب اراضی، ضروری سہولیات، اخراجات، ذمہ دار اداروں اور واضح ٹائم لائن کو شامل کیا جائے۔

چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے کوئٹہ ماسٹر پلان پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی، زرعی اور رہائشی علاقوں کی منصوبہ بندی میں توازن برقرار رکھتے ہوئے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کو صاف، محفوظ، منظم اور پائیدار شہری ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں کوئٹہ میں پانی کی قلت کو ایک اہم چیلنج قرار دیتے ہوئے پانی کے تحفظ اور دستیاب آبی وسائل کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ریچارج ویلز کے قیام اور مساجد میں وضو کے استعمال شدہ پانی کو مناسب طریقے سے دوبارہ قابلِ استعمال بنا کر زرعی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے بلڈنگ کوڈز پر بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہری منصوبہ بندی کے ضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ تعمیرات کے حوالے سے مقررہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں سرکاری ملازمین کے طبی معاوضے اور ری ایمبرسمنٹ کے موجودہ نظام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے موجودہ پالیسی کا ازسرنو جائزہ لے کر شفاف، مؤثر اور یکساں نظام وضع کرنے، واضح قواعد و ضوابط مرتب کرنے اور کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کی ہدایت کی۔

چیف سیکرٹری نے سرکاری ملازمین کے لیے **ہیلتھ کارڈ کے نفاذ کا عمل تیز** کرنے اور اس سلسلے میں مربوط ڈیجیٹل نظام قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی اقدامات میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ ادارے مقررہ اہداف کے مطابق پیش رفت یقینی بنائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More