شام میں دو بسوں کے درمیان خوفناک تصادم، 35 افراد جاں بحق، 30 زخمی
دمشق: شام میں سیکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کو لے جانے والی دو مسافر بسوں کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثے میں کم از کم 35 افراد جاں بحق جبکہ 30 دیگر زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ السخنہ اور تاریخی شہر پالمیرا کے درمیان مرکزی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں دونوں بسیں آپس میں زوردار انداز میں ٹکرا گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجوہات میں تیز رفتاری یا دیگر تکنیکی عوامل شامل ہو سکتے ہیں، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
شامی وزارتِ داخلہ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ایک بس میں انٹرنل سیکیورٹی فورسز کے اہلکار سوار تھے، جبکہ دوسری بس عام شہریوں کو لے جا رہی تھی۔ تصادم کے بعد جائے وقوع پر شدید افراتفری مچ گئی اور متعدد مسافر بسوں میں پھنس گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، ایمبولینسیں اور امدادی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ امدادی کارروائیاں کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔
حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ وزارتِ داخلہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔







