سعودی عرب کی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی
اسلام آباد: سعودی عرب کے **Asyad Group** نے پاکستان کے آئندہ ایئرپورٹ نجکاری کے عمل میں حصہ لینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
سعودی گروپ کے چیف ایگزیکٹو غسان احمد امودی نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران پاکستان میں گروپ کی موجودہ سرمایہ کاری، مزید توسیع کے منصوبوں اور نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
Asyad Group کے مطابق گروپ پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کا دائرہ مزید وسیع کرنا چاہتا ہے اور ایئرپورٹ نجکاری کے لیے سعودی اور بین الاقوامی شراکت داروں کو ساتھ ملانے پر بھی کام کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے سعودی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں مسلسل دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نجکاری کے عمل کے ذریعے طویل مدتی اور قابلِ اعتماد سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔
ملاقات میں توانائی، ہوا بازی اور مالیاتی شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں مستقبل کے ممکنہ سرمایہ کاری منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔