پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط
بشکیک (اے ایف بی): وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
وزیراعظم کی صدارتی محل آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ کرغز مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ تجارت، لاہور اور اوش کو جڑواں شہر قرار دینے، خارجہ امور، طبی تعلیم، تحقیق، منشیات و اسمگلنگ کی روک تھام اور ورچوئل اثاثہ جات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی دستاویزات کا تبادلہ ہوا۔
کرغز صدر صادر ژاپاروف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات باہمی احترام اور تاریخی رشتوں پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے علاقائی روابط اور تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نئے معاہدے دوطرفہ تعاون کو نئی سطح پر لے جائیں گے اور پاکستان کرغزستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔ پاکستان اور کرغزستان باہمی تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں اور اس مقصد کے لیے تجارتی قوانین کو مزید آسان بنایا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ علاقائی تجارتی راہداریوں اور رابطوں سے استفادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک اپنے عوام کو معاشی فوائد پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کرغزستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔