علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لینا قوم کا مطالبہ ہے، مجتبیٰ خامنہ ای

0

تہران: ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ان کے والد اور سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لینا پوری قوم کا مطالبہ ہے اور یہ عزم ہر صورت پورا کیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے یہ بیان اپنے ٹیلیگرام چینل پر جاری کیا۔ یہ پیغام آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کی تقریبات کے بعد سامنے آیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ “ہم اپنے شہید رہنما اور دونوں جنگوں میں جان قربان کرنے والے تمام شہداء کے خون کا بدلہ ان مجرم اور رسوا قاتلوں سے لینے کا عہد کرتے ہیں۔”

واضح رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے مبینہ فضائی حملوں میں اپنی رہائش گاہ اور دفتر پر حملے کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ایران کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان پر حملے یا قتل کی کوئی کوشش کی گئی تو ایران کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسی کسی بھی کارروائی کی صورت میں ایران پر بڑے پیمانے پر میزائل حملے کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں