کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر پاکستان ریلوے نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو جمعہ کے روز ایک دن کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق یہ اقدام موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدبیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے حکام نے بتایا کہ معطلی کے فیصلے کے تحت کوئٹہ سے پشاور روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس اپنی مقررہ سروس انجام نہیں دے گی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو کوئٹہ تک لانے کے بجائے سبی ریلوے اسٹیشن پر ہی روک دیا جائے گا۔
اس کے بعد ٹرین مزید سفر نہیں کرے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا پاکستان ریلوے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ریلوے آپریشنز کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور جہاں ضرورت محسوس ہو وہاں مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے عارضی انتظامات کیے جاتے ہیں۔
اسی سلسلے میں جعفر ایکسپریس کی ایک روزہ معطلی کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ریلوے حکام نے کہا ہے کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے اور تمام فیصلے متعلقہ سیکیورٹی اداروں کی سفارشات اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کے بعد ٹرین سروس کو معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔
ادھر جعفر ایکسپریس کی معطلی کے اعلان کے بعد کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر سفر کی منصوبہ بندی کرنے والے مسافروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ متعدد مسافر، جو پشاور، راولپنڈی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں کی جانب سفر کا ارادہ رکھتے تھے، متبادل سفری ذرائع اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے۔
بعض مسافروں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا کہ ٹرین سروس کی بحالی یا معطلی کے فیصلوں سے متعلق بروقت معلومات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ریلوے انتظامیہ نے تمام مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کے لیے گھر سے روانہ ہونے سے قبل پاکستان ریلوے کی ہیلپ لائن یا متعلقہ ریلوے اسٹیشن سے رابطہ کر کے ٹرینوں کی آمد و روانگی اور آپریشن سے متعلق تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں۔
حکام نے کہا کہ سیکیورٹی صورتحال کے مطابق ٹرینوں کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان موجود ہے، اس لیے پیشگی معلومات حاصل کرنا ضروری ہے یو این اے کے مطابق ریلوے حکام، ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے ریلوے ٹریک، اسٹیشنوں اور دیگر تنصیبات کی سیکیورٹی پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ حالات معمول پر آتے ہی جعفر ایکسپریس سمیت تمام ٹرینیں اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق دوبارہ چلنا شروع کر دیں گی پاکستان ریلوے نے ایک بار پھر مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور سفر سے قبل متعلقہ ریلوے حکام سے تازہ صورتحال کی تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی یا غیر ضروری سفر سے بچا جا سکے۔







