اگست کے پہلے ہفتے ہی مہنگائی کی رفتار میں اضافہ، 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں

اگست کے پہلے ہفتے ہی مہنگائی کی رفتار میں اضافہ، 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں 0

ایک ہفتے میں میں 20 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 9 اشیا سستی اور 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں

اسلام آباد(نیشنل نیوز)رواں مالی سال 2026-27 کے دوسرے ماہ (اگست2026) کے پہلے ہفتے مہنگائی کی رفتار میں اضافہ ہوگیا ہے اور پچھلے ماہ کے آخری ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں کمی کے بعد رواں ہفتے پھر ملک میں مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں 0.28 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار 9.29 فیصد رہی ہے حالیہ ایک ہفتے میں میں 20 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 9 اشیا سستی اور 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے چکن 9.19 اور پیاز 10.14 فیصد مہنگا ہوگیا جبکہ دال چنا کی قیمت میں 2.43 فیصد، سرخ مرچ پاوڈر کی قیمتوں میں 1.01 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 0.99 فیصد، چائے کی پتی کی قیمتوں میں 0.57 فیصد، واشنگ سوپ کی قیمتوں میں 0.08 فیصد،آٹے کی قیمت میں 0.52 فیصد ،ویجی ٹیبل گھی کی قیمت میں 0.37 فیصد اور جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں 0.32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمتوں میں 6.82 فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 1.90 فیصد جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 1.66 فیصد، پیٹرول کی قیمت میں 0.63 فیصد، چینی کی قیمتوں میں 0.51 فیصد، سادی روٹی کی قیمتوں میں 0.29 فیصد، انڈے 0.09، آلو کی قیمتوں میں 0.09 فیصد اور کیلے کی قیمت میں 1.20 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.43 فیصد اضافے کے ساتھ 9.51فیصد اور 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.41 فیصد اضافے کے ساتھ 9.87 فیصد رہی۔

اسی طرح، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.36 فیصد اضافے کے ساتھ 8.79 فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.34 فیصد اضافے کے ساتھ 8.96 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.20 فیصد اضافے کے ساتھ 9 فیصد رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں