بلوچستان کے نوجوان ہتھیاروں کے بجائے قلم کو طاقت بنائیں، وزیر داخلہ
کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، انہیں ہتھیاروں کے بجائے تعلیم، علم، قلم، ٹیکنالوجی اور جدید ہنر کو اپنی طاقت بنانا ہوگا۔
اپنے جاری کردہ پیغام میں میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ آج کا دور تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور مہارت کا دور ہے۔ قوموں کا مستقبل نعروں سے نہیں بلکہ کتاب، قلم، محنت، اچھے کردار اور مسلسل جدوجہد سے تبدیل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ڈاکٹر، انجینئر، اساتذہ، سائنسدان، وکلا، افسران، محققین اور ٹیکنالوجی کے ماہرین بنیں اور زندگی کے ہر شعبے میں اعلیٰ مقام حاصل کریں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کامیاب ہونے والے نوجوان اپنی صلاحیتوں اور مقام کو صرف ذاتی مفاد تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے علم اور تجربے کو بلوچستان کے عوام کی خدمت اور معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ دنیا مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر، سائنس، جدید صنعتوں اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ بلوچستان کے نوجوان بھی جدید ہنر سیکھیں، نئے آئیڈیاز پیش کریں اور ٹیکنالوجی کو صوبے کی ترقی کے لیے استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایسا بلوچستان ہے جہاں تعلیم عام ہو، نوجوان ہنرمند ہوں، علم و تحقیق کو فروغ حاصل ہو اور ٹیکنالوجی ترقی کا ذریعہ بنے۔